
اسلام آباد، نیوز ڈیسک
خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں سوشل میڈیا سے وابستہ ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں معروف ٹک ٹاکر خاتون رضوانہ، جو حسینہ کے نام سے جانی جاتی تھیں، فائرنگ کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ہری پور کے علاقے علوے خالو غازی میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کی اور واردات کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ گولی لگنے سے رضوانہ عرف حسینہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سوشل میڈیا سے وابستہ شخصیات کے خلاف پرتشدد واقعات پر پہلے ہی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی ایک مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف پراسرار حالات میں جاں بحق ہو گئی تھیں۔ ابتدا میں اس واقعے کو خودکشی قرار دیا گیا، تاہم اہل خانہ کے شدید تحفظات اور سامنے آنے والے شواہد کے بعد پولیس نے اسے قتل قرار دے کر مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ثنا یوسف کا واقعہ اسلام آباد کے تھانہ سنبل کی حدود، سیکٹر جی تیرہ ون میں پیش آیا تھا، جس نے اس وقت بھی عوامی سطح پر شدید تشویش کو جنم دیا تھا۔
تازہ واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا شخصیات کی سیکیورٹی، معاشرتی رویوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داریوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کا سلسلہ روکا جا سکے۔

