
امریکا کے مختلف حصوں میں ہونے والی شدید برفباری اور سرد لہر نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برف اور پھسلن کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔
مشرقی امریکا میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے چلا گیا۔ شکاگو میں منفی 14 جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے شدید سردی کی لہر مزید خطرناک صورت اختیار کر گئی۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بھاری برفباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔برفانی طوفان کے بعد فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہے۔
بدھ کے روز امریکن ائیرلائنز کی 653 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 1077 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ ڈیلس فورٹ ورتھ ائیرپورٹ پر برف اور بارش کے باعث پروازوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ائیرلائن انتظامیہ نے عملے کو اضافی شفٹس کرنے پر دوگنی تنخواہ کی پیشکش کی ہے تاکہ متاثرہ آپریشن کو بحال کیا جا سکے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ سرد موسم آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
America, BreakingNews, USNews, ExtremeWeather, Emergency, NaturalDisaster, WeatherAlert, PowerOutage, FlightDisruptions, PublicSafety, USUpdates, WorldNews
