
اسلام آباد: جعلی سفارتی شناخت پر ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے والا افغان شہری گرفتار
اسلام آباد میں پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے جعلی سفارتی شناخت استعمال کرنے والے ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص دو خواتین کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہو کر ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا تھا۔
پولیس ذرائع
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان شہری کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ گاڑی نمبر اے اے کے 970 میں گیٹ ٹو کے راستے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا۔ سیکیورٹی چیک کے دوران اس کی سرگرمیاں مشکوک پائی گئیں، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
انٹیلی جنس
پولیس کے مطابق گرفتاtر افغان شہری کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور انٹیلی جنس اہلکار پہلے ہی اس شخص کی نشاندہی کر چکے تھے اور اس کی سرگرمیوں پر
کافی عرصے سے نظر رکھی جا رہی تھی۔
انکشاف
مزید انکشاف ہوا ہے کہ افغان شہری فراڈ کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، جبکہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی اس شخص کے بارے میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ گاڑی میں موجود دونوں خواتین سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ اس معاملے میں کس حد تک ملوث ہیں۔
قانون کے مطابق سخت کارروائی
پولیس اور سیکیورٹی حکام کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو جیسے حساس علاقے میں جعلی سفارتی شناخت کے ذریعے داخلے کی کوشش ایک سنگین سیکیورٹی خلاف ورزی ہے، جس پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
