
جنوری کے آغاز میں
جنوری کے آغاز میں سری لنکا کے دورے کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کسی بھی وقت متوقع ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت تیز کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق
ذرائع کے مطابق فٹنس مسائل سے مکمل صحتیابی کے بعد بگ بیش لیگ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے والے شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ ان کی فارم اور فیلڈنگ کو ٹیم کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
کھلاڑیوں کے ناموں پر سنجیدگی سے غور
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، حارث رؤف، محمد رضوان اور حسن علی کو بگ بیش لیگ کے مکمل میچز کھیلنے کے لیے این او سی دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ سری لنکا کے دورے کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں عبدالصمد، معاذ صداقت اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ
پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6 جنوری سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھی ابتدائی اسکواڈ کی فہرست جمع کروانی ہے، جس میں یکم فروری تک تبدیلی کی گنجائش ہوگی۔ اسی تناظر میں سلیکٹرز سری لنکا سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا موقع بھی سمجھ رہے ہیں۔
اسکواڈز کا اعلان
واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان میں حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کا عمل جاری ہے۔
