
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی، نہ کہ صرف پی سی بی یا آئی سی سی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہے، اس لیے حکومت جو فیصلہ کرے گی، اسی کے مطابق آگے بڑھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس وقت ملک سے باہر ہیں، واپسی کے بعد ہی حتمی فیصلہ ممکن ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کی روشنی میں پلان اے، پلان بی اور پلان سی پہلے سے تیار ہیں۔ پہلے حکومت اپنا مؤقف واضح کرے، پھر اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور ان کا مؤقف ہے کہ بنگلہ دیش کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش آئی سی سی کا برابر کا رکن ہے اور اگر پاکستان کے معاملے میں بھارت کو کوئی رعایت دی جاتی ہے تو وہی سہولت بنگلہ دیش کو بھی ملنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں یکساں اصول ہونے چاہئیں اور کسی ایک ملک کے لیے الگ معیار قابل قبول نہیں۔ پی سی بی اس معاملے پر حکومت کے فیصلے کا انتظار کر رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں
گوگل انجینئرز کو کام کیے بغیر تنخواہ دے رہا ہے، ہوشیار حکمتِ عملی یا فضول خرچی؟
