
پاکستان کو ترکیہ میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے بیک ڈور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہوئے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ نے دونوں ممالک کو بات چیت کے لیے راضی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
استنبول میں شیڈول مذاکرات میں ایران کے ایٹمی پروگرام سمیت دیگر اہم مسائل زیر بحث آئیں گے۔ امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے، جبکہ خطے کی طاقتوں جیسے سعودی عرب، قطر، مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا فوجی تیاری بھی کر رہا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ تنازع سے نمٹا جا سکے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا جنگ شروع کرتا ہے تو یہ پورے خطے میں پھیل سکتا ہے۔
