بغیر موبائل سگنل کے عام کال کیسے کی جاتی ہے؟ جانیے مکمل طریقہ

پی ٹی اے انفارمیشن / ٹیکنالوجی نیوز

تہہ خانے میں سگنلز غائب؟ پی ٹی اے نے موبائل کالز کا آسان حل بتا دیا!

موبائل سگنل نہ ہونے کے باوجود وائی فائی کے ذریعے فون کال کرنے کا طریقہ جانیں۔

فرض کیجیے آپ ایک عمارت کے تہہ خانے میں موجود ہیں۔ ارد گرد روشنی ہے، ائیرکنڈیشنر کی ٹھنڈک نے باہر کی گرمی کو روک رکھا ہے، لیپ ٹاپ وائی فائی سے جڑا ہوا ہے اور انٹرنیٹ کی رفتار بھی مناسب ہے۔ سکون سے اپنا کام کرنے کے دوران اچانک آپ کو یاد آتا ہے کہ ایک نہایت اہم فون کال کرنی تھی۔ آپ فوراً جیب سے موبائل فون نکالتے ہیں، مگر سکرین پر نظر پڑتے ہی دل بیٹھ جاتا ہے کیونکہ موبائل نیٹ ورک غائب ہے اور سگنل کی ایک بھی لائن موجود نہیں ہے۔

مسئلہ یہ ہے کہ جس شخص سے آپ نے رابطہ کرنا ہے اس کے پاس واٹس ایپ، زوم یا انٹرنیٹ کے ذریعے کال کرنے کی کوئی دوسری سہولت بھی موجود نہیں، بلکہ وہ تو سمارٹ فون ہی استعمال نہیں کرتا۔ آپ کے پاس تو انٹرنیٹ موجود ہے، مگر عام فون کال کرنے کا ذریعہ بھی بند دکھائی دے رہا ہے۔

اس تحریر پڑھنے سے پہلے تک شاید آپ بھی اس مسئلے کا یہ حل نکالتے کہ عمارت کے تہہ خانے سے نکل کر کسی ایسی جگہ کا رخ کرتے جہاں موبائل فون نیٹ ورک کے سگنلز آ رہے ہوتے۔ لیکن اگر آپ کو معلوم ہو کہ بعض صورتوں میں موبائل سگنل نہ ہونے کے باوجود بھی آپ اپنے اسی موبائل نمبر سے فون کال کر سکتے ہیں تو؟

وائی فائی کالنگ (Wi-Fi Calling) کیا ہے؟

ایسا ’وائی فائی کالنگ‘ نامی ایک سہولت سے ممکن ہے، جس کے بارے میں حال ہی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی عوامی آگاہی مہم کے ذریعے معلومات فراہم کی ہیں۔

وائی فائی کالنگ (جسے VoWiFi بھی کہا جاتا ہے) کے ذریعے آپ بغیر کسی موبائل سگنل کے، صرف ایک فعال وائی فائی نیٹ ورک کی مدد سے اپنے روایتی موبائل نمبر پر عام کالز کر سکتے اور وصول کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے سامنے والے شخص کا انٹرنیٹ یا اسمارٹ فون پر ہونا ہرگز ضروری نہیں ہے۔

موبائل میں وائی فائی کالنگ کیسے فعال کریں؟

آپ اپنے موبائل فون کی چند آسان سیٹنگز کے ذریعے اس سہولت کو آن کر سکتے ہیں:

  • اپنے موبائل فون کی Settings میں جائیں۔
  • Connections یا Mobile Network کے آپشن کا انتخاب کریں۔
  • وہاں Wi-Fi Calling یا VoWiFi کے فیچر کو تلاش کر کے اسے آن (On) کر دیں۔

(نوٹ: یہ سروس اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کا موبائل فون ماڈل اور آپ کا متعلقہ نیٹ ورک آپریٹر اس سہولت کو سپورٹ کرتا ہو)۔ اب اگر آپ کسی ایسی جگہ بھی موجود ہیں جہاں موبائل سگنلز صفر ہیں لیکن وائی فائی کنکشن موجود ہے، تو آپ کا فون خود بخود وائی فائی کے ذریعے باآسانی کال ملانے کے قابل ہو جائے گا!

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top